بحریہ ٹاؤن فیز 8 کے اسکول میں تشدد کا ہولناک واقعہ، طالبعلم تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل، والدین اور سول سوسائٹی کا احتجاج

0

راولپنڈی — بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں واقع ڈاکٹر عبدالقدیر خان اسکول اینڈ کالج میں مورخہ 20 اگست 2025 کو آٹھویں جماعت کے طالب علم پر تشدد کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جس نے تعلیمی اداروں میں بچوں کے تحفظ پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، 15 طلبہ نے اپنے ہی کلاس فیلو پر ریسیس کے دوران حملہ کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نہ صرف اسے بری طرح مارا پیٹا گیا بلکہ اٹھا کر اس کا سر کینٹین کے شیشے کے دروازے سے دے مارا، جس سے شیشہ ٹوٹ کر اس کے سر میں پیوست ہو گیا۔ واقعہ کے وقت اسکول کا عملہ، بشمول چوکیدار، محض تماشائی بنے کھڑے رہے۔

زخمی طالبعلم کو فوری طور پر بحریہ انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے اقدامِ قتل کا کیس قرار دیا اور پولیس سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ متاثرہ طالبعلم کو بعد ازاں سرکاری اسپتال ریفر کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں نے میڈیکل لیگل رپورٹ (MLR) کے لیے قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔

واقعہ کے خلاف عوامی ردعمل شدت اختیار کر گیا ہے۔ متاثرہ بچے کے والدین، دیگر طلبہ کے والدین اور سول سوسائٹی کے اراکین نے اسکول انتظامیہ کی سنگین غفلت کے خلاف پیر، یکم ستمبر 2025 کو اسکول کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، اور فوری انصاف، ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور اسکول سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا۔

تاحال اسکول انتظامیہ کی جانب سے اس افسوسناک واقعے پر کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا۔


sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.