چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے چاروں کمیٹیوں سے استعفیٰ دیدیا

0

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آج میں نے چاروں کمیٹیوں سے استعفیٰ دیدیا ہے، دیکھتے ہیں آگے کیسے چلتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے احکامات سامنے آنے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف نے بھی تمام کمیٹیوں سے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے، بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بات یہاں تک پہنچ چکی ہے اب دیکھتے ہیں آگے کیسے چلتے ہیں، ہم نے بڑی کوشش کی کہ سسٹم کا حصہ رہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ہم 91 نشستوں کےساتھ اسمبلی میں بیٹھے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا بات کرو آگے بڑھو۔

انھوں نے مزید کہا کہ ابھی بھی کچھ نہیں ہورہا، کہیں کوئی مذاکرات نہیں ہورہے، سیاست ہے اب دیکھتے ہیں آگے کیسے بڑھنا ہے۔

دریں اثنا شہریار آفریدی نے بھی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے، رہنما تحریک انصاف شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ قائد کے حکم پر دونوں قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے 18 ارکان قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہوگئے ہیں، بیرسٹر گوہر نے 18 ارکان کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرادیے، بیرسٹر گوہر، جنید اکبر، شہریار آفریدی، عامر ڈوگر قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہوئے۔

امجد علی خان، شہزادہ گستاسب، علی خان جدون بھی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہوگئے، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، مجاہد علی، انور تاج، فضل محمد خان نے بھی استعفیٰ دیا۔

اس کے علاوہ ساجد خان، ارباب عامر، آصف خان، ارشد ساہی، شبیر قریشی اور اویس جھکڑ بھی مستعفی ہوئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.