بھارت نے امریکی صدر کی بے رخی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ سے تعلقات بہتر کرنے کے لیے ایک امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کی ہیں۔ امریکی خبر ایجنسی کے مطابق واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے نے ایسی فرم سے معاہدہ کیا ہے جو پہلے بھی امریکا میں مختلف غیر ملکی اداروں کی نمائندگی کر چکی ہے۔ اس معاہدے کے تحت بھارت ماہانہ پچہتر ہزار امریکی ڈالر ادا کرے گا تاکہ حکومتی اور میڈیا تعلقات بہتر بنائے جا سکیں۔ امریکا اور بھارت کے تعلقات میں حالیہ سرد مہری اس وقت شروع ہوئی جب بھارت نے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ فائنل نہیں کیا اور اس کے جواب میں امریکی صدر نے بھارت پر پچاس فیصد ٹیرفز عائد کر دیے۔ علاوہ ازیں ٹرمپ اکثر پاک بھارت جنگ میں اپنے کردار کا ذکر کرتے رہتے ہیں، جسے بھارت قبول نہیں کرتا۔