بہادرآباد کے علاقے شیرپاؤ کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بینک میں کام کرنے والی خاتون سے کریڈٹ کارڈ بنوانے کے بہانے مبینہ زیادتی کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ خاتون نے بہادرآباد تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ ایک بینک میں گاڑیوں کی لیزنگ اور کریڈٹ کارڈ سے متعلق امور انجام دیتی ہیں۔ گزشتہ ماہ ایک شخص نے ان سے کریڈٹ کارڈ کے سلسلے میں رابطہ کیا اور 10 اگست کو دھوراجی کے علاقے میں ایک اسپتال کے قریب ملاقات کی دعوت دی۔ خاتون کے مطابق جب وہ مقررہ مقام پر پہنچیں تو ملزم انھیں قریبی گلی میں واقع ایک مکان پر لے گیا۔
خاتون نے بیان میں بتایا کہ مکان میں پہلے سے ایک مرد اور ایک خاتون موجود تھے۔ انھیں جوس پلایا گیا جس کے بعد وہ نیم بے ہوش ہو گئیں۔ اس دوران دوسرا شخص انھیں بیڈ پر باندھ کر تشدد اور زیادتی میں ملوث رہا، جبکہ پہلی خاتون واقعے کی ویڈیوز بناتی رہی۔
متاثرہ خاتون کے مطابق، یہ سب ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ بعدازاں ملزم نے انہیں دھمکی دی کہ اگر دوبارہ نہ ملیں تو ویڈیو وائرل کر دی جائے گی اور یہاں تک کہ قتل کی دھمکی بھی دی گئی۔ واقعے کے بعد خاتون فوری طور پر رکشے میں جناح اسپتال پہنچیں۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ بلڈ سیمپل، کپڑے اور دیگر شواہد کو محفوظ کر کے سربمہر کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی روشنی میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔