CCD نے میرے گھر سے پانچ کروڑ چوری کئیے ہیں:بلیو ورلڈ سٹی کے مالک کا الزام

0

راولپنڈی میں رکن پنجاب اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری چوہدری نعیم اعجاز کے گھر اور فارم ہاؤس پر سی سی ڈی پولیس ٹیم کی جانب سے چھاپے اور 5 کروڑ روپے کی مبینہ چوری کے معاملے نے سنگین رخ اختیار کر لیا ہے۔ اس واقعے کے بعد چوہدری نعیم اعجاز نے سی سی ڈی پولیس ٹیم، ایس ایچ او اور ایلٹ فورس کے 30 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی کو دے دی ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری چوہدری نعیم اعجاز نے ایم پی ایز اور قانونی ٹیم کے ہمراہ آر پی او بابر سرفراز سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گزشتہ شام 7:30 بجے کے قریب 20 سے زائد سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار، ایلٹ فورس اور ایس ایچ او چونترہ کے ہمراہ زبردستی ان کے گھر اور فارم ہاؤس میں داخل ہوئے۔ اہلکاروں نے گیٹ کیپر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کسی قسم کا سرچ وارنٹ یا قانونی اجازت نامہ پیش کیے بغیر گھر کے اندر گھس آئے۔

چوہدری نعیم اعجاز کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے ان کی والدہ، خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا، بیڈروم میں داخل ہو کر لاکر توڑا جس میں 5 کروڑ روپے موجود تھے، اور رقم تھیلوں میں بھر کر لے گئے۔ مزید یہ کہ گھر کے دیگر کمروں کے تالے، الماریاں اور لاک توڑ کر بھی لوٹ مار کی گئی۔

درخواست میں الزام لگایا گیا کہ چھاپہ ایس پی بینش فاطمہ کے حکم پر مارا گیا، جیسا کہ ایس ایچ او محسن شاہ نے بتایا۔ چوہدری نعیم اعجاز نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ چھاپہ غیر قانونی تھا اور اس دوران سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال اور چوری جیسے جرائم سرزد ہوئے، لہٰذا ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

پولیس نے چوہدری نعیم اعجاز کی درخواست وصول کر کے باقاعدہ ٹیگ نمبر الاٹ کر دیا ہے۔ معاملہ اب مزید تحقیقات اور ممکنہ قانونی کارروائی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.