Gas Leakage Web ad 1

نقیب اللہ قتل کیس: اہم گواہ کی مسلسل غیر حاضری سے مقدمہ التوا کا شکار، عدالت برہم

0

نقیب اللہ قتل کیس، جو 2019 میں پیش آیا تھا، ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا ہے کیونکہ مقدمے کے اہم گواہ ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان مسلسل عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔

 

Gas Leakage Web ad 2

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے گواہ کی غیر حاضری پر ناراضی کا اظہار کیا، جبکہ عدالت میں فوکل پرسن نے ڈاکٹر رضوان کی غیر حاضری کی رپورٹ جمع کروا دی۔ عدالت نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش کیا جائے۔

 

سماعت کے دوران گرفتار ملزمان، جن میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، شعیب شوٹر، گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجا شمیم اور محسن عباس شامل تھے، عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ تمام گرفتار ملزمان آئندہ سماعت پر بھی پیش کیے جائیں، اور کیس کی مزید کارروائی 9 اگست 2025 تک ملتوی کر دی گئی۔

 

پراسیکیوشن کے مطابق، سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران و اہلکاروں کو کیس سے بری کیا جا چکا ہے، جبکہ سات ملزمان، جن میں سابق ایس ایچ او امان اللہ شامل ہیں، مفرور تھے۔ بعد ازاں ان میں سے چھ نے خود کو عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا، جبکہ شعیب شوٹر ضمانت پر رہا ہے۔

 

یاد رہے کہ جون 2025 میں بھی عدالت نے ڈاکٹر رضوان کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔ تفتیشی افسر ڈی ایس پی غلام مرتضیٰ نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر رضوان کی طبیعت ناساز ہے، جس کی وجہ سے وہ بیان ریکارڈ نہیں کروا سکتے۔ اس پر عدالت نے گواہ کی پیشی کے لیے مہلت دی تھی، تاہم اب تک وہ پیش نہیں ہوئے۔

 

واضح رہے کہ جنوری 2019 میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی سربراہی میں پولیس نے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک مبینہ مقابلے میں چار افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جن میں نوجوان نقیب اللہ بھی شامل تھا۔ پولیس کا مؤقف تھا کہ کارروائی دہشتگردوں کے خلاف تھی، لیکن سوشل میڈیا پر اس واقعے کے خلاف چلنے والی شدید عوامی مہم کے بعد پولیس مقابلے کی تحقیقات شروع ہوئیں۔

 

تحقیقات کے بعد مقابلے کو جعلی قرار دیا گیا اور راؤ انوار کو معطل کر کے ماورائے عدالت قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ تاہم انسداد دہشت گردی عدالت نے بعد میں راؤ انوار کو رہا کر دیا تھا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.