اغوا میں ناکامی پر 8 سالہ بچے کے سر میں گولی مار دی

0

گلشن معمار میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں اغوا کی کوشش ناکام ہونے پر فائرنگ سے 8 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے مقتول کے والد اللہ بچایا کی مدعیت میں چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق چار ملزمان نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کی، لیکن بچے کے شور مچانے پر انہوں نے سر میں گولی مار کر اسے قتل کر دیا۔ ملزمان کی شناخت وسیم، بشیر، محسن اور اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔ واردات کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گئے، تاہم ان کی تلاش جاری ہے۔

مقتول بچے کے والد اللہ بچایا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خاندان میں پہلے سے دشمنی چلی آ رہی ہے، اور مخالفین نے ان کی بیوی اور ایک بچے کو پہلے ہی اغوا کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج چار افراد ان کے ایک اور بچے کو اغوا کرنے آئے تھے، اور مخالفین صلح کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے، مگر وہ راضی نہیں تھے۔

اللہ بچایا کے مطابق اغوا کی کوشش کے دوران بچے نے مزاحمت کرتے ہوئے شور مچایا، جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ گولی بچے کے سر میں لگی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ بچے کے والد نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.