(نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کے چوتھے سپیل سے متعلق جو شدید بارشوں کی پیشگوئیاں کی گئی تھیں، وہ مجموعی طور پر ملک بھر میں پوری نہ ہو سکیں۔

ماہرین کے اندازوں کے مطابق اس مرحلے میں موسلا دھار بارش کی توقع کی جا رہی تھی، تاہم 25 جولائی تک جاری رہنے والی ممکنہ بارشیں اُس شدت سے نہیں ہوئیں جیسا کہ پہلے بتایا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات نے اب 24 اور 25 جولائی کے لیے جو تازہ ترین پیشگوئی جاری کی ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
لاہور سے متعلق آج رات کے لیے کوئی خاص اپڈیٹ جاری نہیں کی گئی، البتہ جمعہ 25 جولائی کو شہر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی ضرور کی گئی ہے۔
گزشتہ دو دنوں میں اور آج بھی لاہور میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، مگر شہری معمولات زندگی میں کسی بڑی رکاوٹ یا پریشانی کا سامنا نہیں ہوا۔ آج 24 جولائی کا دن بھی نسبتاً پرسکون رہا، اگرچہ بارش ہوتی رہی۔
موسم پر نظر رکھنے والے غیر سرکاری مبصرین کا کہنا ہے کہ آج رات دیر گئے یا صبح کے وقت ہلکی یا درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے، جس کے بعد موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، اور وقفے وقفے سے دھوپ نکلنے کا امکان ہے۔
آج صبح سے دوپہر تک شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا، تاہم بارش کے دوران کچھ وقت ایسے بھی آئے جب مکمل طور پر بارش تھم گئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ضرور ہوا لیکن زیادہ دیر تک نہیں ٹکا، جبکہ ٹریفک کی روانی پر بھی زیادہ اثر نہیں پڑا۔
25 جولائی کو مون سون کے چوتھے اسپیل کا اختتامی دن قرار دیا جا رہا ہے، جس کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی خاصی زیر بحث رہی۔ اب ان کی نئی اپڈیٹ کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقے گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔
تاہم راولپنڈی، مری، نتھیا گلی، چکوال، اٹک، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ اور ساہیوال کے چند علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
