اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم میں اسحاق ڈار کا خطاب، پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے عالمی سطح پر اصلاحات پر زور

0

نیویارک — اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم (HLPF) کے جنرل مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا کو 2030 کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول کے لیے غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں عالمی وبا، مالیاتی بحران، اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل شامل ہیں۔

انہوں نے فورم کو بتایا کہ اس وقت صرف 35 فیصد اہداف ہی درست سمت میں جا رہے ہیں، جب کہ باقی اہداف کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ان مشکلات کے باوجود پاکستان پائیدار ترقی کے ایجنڈے کے حصول کے لیے پُرعزم ہے، اور قومی سطح پر متعدد اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "اُڑان پاکستان” جیسے ترقیاتی منصوبے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، اور بچوں کی نشوونما کے لیے "بینظیر نشوونما” اسکیم جیسے سماجی تحفظ کے اقدامات، اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ کوئی بھی شہری ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائے۔

وزیرِ خارجہ نے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل یوتھ حب، دانش اسکولوں، اور نئی جامعات کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت معیاری تعلیم تک رسائی کو وسعت دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اختیار کی ہے، جس میں 2030 تک 60 فیصد توانائی کو قابلِ تجدید ذرائع سے حاصل کرنے کا ہدف، اور "ریچارج پاکستان” اور "لیونگ انڈس” جیسے منصوبے شامل ہیں۔ پاکستان کا نیا قومی سطح پر مقرر کردہ موسمیاتی وعدہ (NDC) بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کے لیے بھی متعدد اصلاحات کی ہیں، اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے ذریعے براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

عالمی سطح پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے عالمی مالیاتی نظام میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔ ترقی پذیر ممالک کو رعایتی فنانسنگ، قرضوں میں ریلیف، اور موسمیاتی مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے “کمپرومیسو ڈی سیویل” معاہدے پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک واضح روڈ میپ فراہم کرتا ہے جس پر مزید تاخیر قابلِ قبول نہیں۔

 

آخر میں اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کے قیام کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر "UN80” اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پائیدار ترقی، امن، اور خوشحالی کے حصول کے لیے عالمی برادری کے ساتھ اپنی وابستگی کو برقرار رکھے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.