وزیراعلیٰ کے پی نے بجلی ڈیوٹی کے خاتمے پر وزیر توانائی اویس لغاری کو خط لکھ دیا

0

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو خط لکھ کر بجلی ڈیوٹی ختم کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بجلی ڈیوٹی ختم کرنے سے قبل صوبے سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی حالانکہ آئین کے تحت صوبے کو بجلی پر ٹیکس عائد کرنے کا حق حاصل ہے اور بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں پر یہ ڈیوٹی جمع کرانے کی قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ میٹرنگ، بلنگ اور بجلی چوری پر ہدایات دینے کا اختیار بھی صوبے کو حاصل ہے اور مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بغیر بجلی ڈیوٹی کا خاتمہ غیرقانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل دو سو اناسی کے تحت تمام ٹیکس اسی وقت تک برقرار رہیں گے جب تک انہیں باضابطہ طور پر منسوخ نہ کیا جائے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا کہ پیسکو، ٹیسکو اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو خیبرپختونخوا کے قوانین کی پابندی کرنا ہوگی کیونکہ صرف بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیاں ہی قانونی طور پر بجلی ڈیوٹی وصول کرنے کی مجاز ہیں، اور یہ کوئی ایسا عام ٹیکس نہیں جسے متبادل طریقے سے وصول کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ پاور ڈویژن اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، اور کہا کہ خیبرپختونخوا آئینی دائرے میں رہتے ہوئے مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم کسی بھی یک طرفہ فیصلے سے وفاق اور صوبے کے درمیان تصادم کی فضا پیدا ہو سکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.