شریف خاندان کی اہم مشاورت میں پنجاب کابینہ سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، جس میں نواز شریف نے کابینہ کی توسیع کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مری کے تفریحی مقام پر ہونے والی اس اہم بیٹھک میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت آئندہ ماہ مزید 10 وزراء اور مشیر شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کابینہ میں شامل کیے جانے والے افراد کی اکثریت کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہوگا۔
ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نواز شریف نے نہ صرف کابینہ کی توسیع کے لیے گرین سگنل دیا ہے بلکہ مریم نواز کے ساتھ مل کر ممکنہ وزراء اور مشیروں کے نام بھی شارٹ لسٹ کر لیے ہیں۔
یاد رہے کہ نواز شریف گزشتہ تین دن سے مری کے کشمیر پوائنٹ باغ شہیداں میں واقع اپنی رہائشگاہ پر موجود ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر وہ اور مریم نواز ڈونگا گلی پہنچے، جہاں اس اہم سیاسی مشاورت کے دوران فیصلے کو حتمی شکل دی گئی۔
