آزاد جموں و کشمیر کے وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں، سید بازل علی نقوی کو ان کی سماجی خدمات، نوجوانوں کی فلاح و بہبود، اور آزاد کشمیر میں اسکاؤٹ تحریک کی سرپرستی پر صدر پاکستان و چیف اسکاؤٹ کی جانب سے "میڈل آف میرٹ” کا صدارتی ایوارڈ عطا کیا گیا۔

یہ پروقار تقریب کیڈٹ کالج بٹراسی میں منعقد ہوئی جس میں نیشنل اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے نیشنل سیکرٹری، سیکرٹری مالیات PBSA صاحبزادہ سجاد مسعود چشتی، سابق ڈائریکٹر APR و پرنسپل PSCCB مسٹر سونی کم، صوبائی سیکرٹری اسکاؤٹس AJK طاہر مسعود چغتائی، اور آزاد جموں و کشمیر بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی سینئر قیادت سمیت کیڈٹ کالج بٹراسی کے کیڈٹس نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کی صدارت پاکستان کے سینئر موسٹ لیڈر ٹرینر و سیکرٹری مالیات PBSA، صاحبزادہ سجاد مسعود چشتی نے کی، جبکہ وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں، سید بازل علی نقوی، مہمانِ خصوصی تھے۔ کالج آمد پر ڈپٹی سیکرٹری اسکاؤٹس دانیال ممتاز نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا اور آزاد کشمیر کے پرچم سے مزین سکارف پہنایا۔ طاہر مسعود چغتائی اور کمشنر یوتھ پروگرام عبدالصمد چشتی نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے، جبکہ اسکاؤٹس نے گارڈ آف آنر دیا۔
تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ہاتھوں نصب افتتاحی تختی اور شہید کیپٹن عثمان کی یادگار پر حاضری دی اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ بعد ازاں، وہ کالج کے گیسٹ روم بھی گئے جہاں صدر تقریب اور نیشنل سیکرٹری PBSA سے کالج کی تعمیر و ترقی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر حکومت کے شہید چچا، سید شوکت حسین نقوی (ایڈووکیٹ) کی اسکاؤٹ تحریک سے وابستگی کا خصوصی تذکرہ بھی کیا گیا۔
مہمان خصوصی کو "میڈل آف میرٹ” کے اعزاز کے لیے عثمان شہید آڈیٹوریم لے جایا گیا، جہاں بین الاقوامی شہرت یافتہ سینئر اسکاؤٹر اور سابق ورلڈ ڈائریکٹر، مسٹر سونی کم (LT) اور 500 سے زائد کیڈٹس اور سینئر اسکاؤٹ لیڈرز نے کھڑے ہو کر شاندار خیرمقدم کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔
تقریب کے دوران 13 جولائی 1931 کے سانحہ سری نگر کی یاد تازہ کی گئی جب اذان کے دوران 22 مسلمان شہید ہوئے۔ محرم الحرام کی مناسبت سے شہدائے کربلا، ریاست جموں و کشمیر، اور پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
صدر تقریب، مہمانِ خصوصی، نیشنل سیکرٹری، اور دیگر معزز مقررین نے اپنے خطابات میں شہدائے ملت، نواسہ رسول ﷺ، شہدائے فلسطین و کشمیر، اور پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ بالخصوص سپہ سالار پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں، دلیری اور کامیابیوں کو سراہا گیا۔
