پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملک بھر کی گھی اور کوکنگ آئل ملز غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی جائیں گی، جس کے نتیجے میں ان اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر عمر ریحان شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے گھی ملز میں افسران کی تعیناتی کے خلاف احتجاجاً ملک بھر کی گھی ملیں بند کی جا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جمعہ تک مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو تمام گھی اور آئل ملز کی پیداوار بند کر دی جائے گی، اور یہ ہڑتال ایک دن کی نہیں بلکہ غیر معینہ مدت کی ہوگی۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر گھی انڈسٹری پر عائد کردہ نئی شرائط واپس لے اور کاروبار دوست پالیسی اختیار کرے۔ عمر ریحان نے کہا کہ ایف بی آر کے اہلکاروں کی تعیناتی سے گھی انڈسٹری میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے، جو صنعت کے لیے نقصان دہ ہے۔
ایف بی آر نے سیکشن 40 بی کے تحت ملک بھر کی گھی ملوں میں اپنے اہلکار تعینات کر دیے ہیں، جس پر ایسوسی ایشن نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسوسی ایشن نے 37 اے، ڈیجیٹل انوائسنگ، اور بینکوں میں 2 لاکھ روپے سے زائد رقم کی ادائیگی پر عائد پابندی ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے صدر کے ہمراہ وزیر خزانہ سے ملاقات میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
ایسوسی ایشن نے متنبہ کیا ہے کہ گھی اور کوکنگ آئل کے شعبے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ صرف مہنگائی میں اضافے کا باعث بنے گی بلکہ ملک بھر میں سپلائی چین کو بھی متاثر کرے گی، جس کے منفی اثرات براہ راست عام صارفین تک پہنچیں گے۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.