ایف آئی اے نے پی اے آر سی کے چیرمین ڈاکٹر غلام محمد علی کو گرفتار کر لیا

0

اسلام آباد (نعیم محبوب) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی کو غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ چیئرمین پی اے آر سی نے محض 164 منظور شدہ آسامیوں کے برعکس 332 افراد کو غیر قانونی طریقے سے بھرتی کیا۔ ادارے کے مطابق ان بھرتیوں میں قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا اور مبینہ طور پر بھاری رشوت بھی وصول کی گئی۔


ایف آئی اے نے چیئرمین کے ساتھ ساتھ پی اے آر سی کے ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق ملک کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ دونوں افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق:

"غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث دیگر افسران اور اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔”


ایف آئی اے کے مطابق دونوں گرفتار افسران کو آج عدالت میں پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا تاکہ مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

ادارے نے واضح کیا کہ چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی سمیت 19 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن پر اختیارات کے ناجائز استعمال، غیر قانونی تقرریاں، اور رشوت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔


ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) کی ہدایت پر کی گئی، جس کے بعد پی اے آر سی میں ہونے والی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات مکمل کر کے مقدمہ درج کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.