کراچی: وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کرپشن کیس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو مزید 9 مقدمات میں بری کر دیا۔

اینٹی کرپشن کورٹ کراچی میں ٹڈاپ میگا کرپشن کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے اپنے فیصلے میں چیئرمین سینیٹ کو ان مقدمات میں عدم شواہد کی بنیاد پر بری قرار دیا۔ یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل میں مجموعی طور پر 26 مقدمات درج کیے تھے، جن میں سے یوسف رضا گیلانی پہلے ہی 3 مقدمات میں بری ہو چکے ہیں۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے ان مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، اور عدالت کی جانب سے انصاف کی فراہمی پر وہ مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مزید مقدمات سے بریت اُن کی قانونی جدوجہد کی ایک اہم پیش رفت ہے۔
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پہلے بھی پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی (CEC) نے کیا تھا، اور آئندہ کا فیصلہ بھی وہی ادارہ کرے گا۔
