اوورسیز پاکستانیوں نے ترسیلات زر کا نیا ریکارڈ بنادیا

0

کراچی: اوورسیز پاکستانیوں نے ملکی معیشت کو سہارا دیتے ہوئے ترسیلات زر کا نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 38 ارب 30 کروڑ ڈالرز وطن منتقل کیے۔

مرکزی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ صرف ایک سال میں ترسیلات میں 8 ارب ڈالرز کا نمایاں اضافہ ہوا۔

جون 2025 کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستانی محنت کشوں نے 3.4 ارب ڈالرز بھیجے، جو جون 2024 کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافے کی بدولت ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہو گیا ہے، جو معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق جون کے مہینے میں سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جن کی مالیت 82 کروڑ 32 لاکھ ڈالرز رہی۔ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات رہا، جہاں سے پاکستانیوں نے 72 کروڑ ڈالرز وطن منتقل کیے۔ برطانیہ سے 54 کروڑ ڈالرز اور امریکا سے 28 کروڑ ڈالرز کی ترسیلات موصول ہوئیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں یہ اضافہ نہ صرف روپے کو مستحکم رکھنے میں مددگار ہوگا بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.