اسپیکر قومی اسمبلی کا ملازمین کی فلاح کیلئے بڑا اقدام، آسان شرائط پر قرض اسکیم کا آغاز

0

اسپیکر قومی اسمبلی کا ملازمین کی فلاح کیلئے بڑا اقدام، آسان شرائط پر قرض اسکیم کا آغاز

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی کاوشوں سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت پارلیمنٹ ہاؤس میں قائم الائیڈ بینک کے ساتھ آسان شرائط پر قرض اسکیم کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

اس اسکیم کے تحت پارلیمنٹ ہاؤس میں کام کرنے والے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے وہ ملازمین، جو الائیڈ بینک کی مذکورہ برانچ کے اکاؤنٹ ہولڈرز ہیں، گھر کی تعمیر، خرید، مرمت یا گاڑی کی خریداری جیسے اہم مقاصد کے لیے مالی معاونت حاصل کر سکیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ اسکیم خاص طور پر کم آمدنی والے ملازمین کے لیے فائدہ مند ہوگی اور انہیں ذاتی مکان کے خواب کو حقیقت بنانے میں مدد دے گی۔ اسکیم میں قرض کے پراسیس کے دوران کسی قسم کی سروس فیس نہیں لی جائے گی، جسے اسپیکر نے الائیڈ بینک کا فراخدلانہ اقدام قرار دیا۔

اس موقع پر اسپیکر نے الائیڈ بینک کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور قومی اسمبلی کے تمام اعلیٰ افسران کی شبانہ روز محنت کو سراہا جن کی کوششوں سے یہ تاریخی فلاحی منصوبہ ممکن ہوا۔

دستخط کی تقریب میں قومی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل طاہر حسین، اسپیکر کے پرنسپل سیکرٹری سعید احمد میتلا، مشیر برائے قانون سازی محمد مشتاق، جوائنٹ سیکرٹری عثمان علی انصاری، ڈپٹی سیکرٹری محمد فاروق سمیت دیگر افسران اور عملے کے ممبران نے شرکت کی۔

شرکاء نے اسپیکر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قرض اسکیم ملازمین کی معاشی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے ایک خوش آئند اور قابل تقلید قدم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.