چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (ACC) نے ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ کو ملتوی کر دیا ہے۔ یہ ایونٹ 6 جون سے سری لنکا میں شروع ہونا تھا۔
محسن نقوی کے مطابق، ٹورنامنٹ کو خراب موسم اور چکن گنیا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کے انعقاد کے لیے موزوں حالات نہ ہونے پر ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی، جسے ایشین کرکٹ کونسل نے قبول کر لیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا:
"ہم خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں اور امید ہے کہ جلد نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ اے سی سی بھی ویمنز کرکٹ کو فروغ دینے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔”
ایشین کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ ایونٹ کی نئی تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا، تاکہ خواتین کھلاڑیوں کو محفوظ اور بہتر ماحول میں کھیلنے کا موقع دیا جا سکے۔