سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں صحافیوں کے لیے ایکریڈیشن کارڈز اور انڈومنٹ فنڈ سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس
سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار احمد ملک کی ہدایت پر صحافیوں کے لیے ایکریڈیشن کارڈز کے منظم اجرا اور انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے متعلق جوائنٹ کمیٹی کا مشاورتی اجلاس انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ گلگت میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات محمد سلیم خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے تمام پریس کلبوں، یونین آف جرنلسٹس کے ضلعی صدور اور محکمہ اطلاعات کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں شرکاء نے صحافیوں کو درپیش مسائل، چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تجاویز پیش کیں۔ شرکاء نے کمیٹی کے قیام کو صحافتی برادری کے لیے مثبت اور بروقت اقدام قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کوشش صحافیوں کے لیے ایک نئے اور بہتر دور کا آغاز ثابت ہوگی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور محکمہ اطلاعات صحافتی اداروں اور تنظیموں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ صحافیوں کے حقوق، سہولیات اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے انڈومنٹ فنڈ اور ایکریڈیشن کارڈ کے اجرا کو نہایت اہم قرار دیا گیا۔ شرکاء نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، سیکریٹری اطلاعات دلدار احمد ملک اور معاون خصوصی ایمان شاہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور سرپرستی سے صحافت کا معیار بہتر ہوگا اور صحافیوں کے مسائل بھی حل ہوں گے۔
اجلاس میں یہ تجویز بھی دی گئی کہ گلگت بلتستان کے تمام ڈویژنز میں محکمہ اطلاعات کے مستقل دفاتر قائم کیے جائیں تاکہ مقامی صحافیوں کو بروقت معاونت اور ادارہ جاتی رابطہ حاصل ہو سکے۔ شرکاء نے کہا کہ مشاورتی عمل اور اس کے نتیجے میں بننے والی سفارشات پر عمل درآمد سے نہ صرف صحافی برادری کو سہولیات ملیں گی بلکہ خطے میں ذمہ دار اور معیاری صحافت کو فروغ ملے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سلیم خان نے کہا کہ آج کا اجلاس صحافیوں کی فلاح کے لیے جاری اس عمل کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد صحافتی برادری کو بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت معاشرے کا اہم ستون ہے اور حکومت گلگت بلتستان صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔