
اسلام آباد، پاکستان میں تعینات چین کے سفیر عزت مآب جناب جیانگ زیڈونگ نے آج ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دفاعی شعبے، صنعتی تعاون، خطے کی بین الاقوامی تزویراتی صورتحال اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ائیر چیف نے چینی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے مابین "آئرن برادرز” جیسے مضبوط تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط اسٹریٹجک تعلقات باہمی اعتماد اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی بنیاد پر استوار ہیں۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کو دفاعی ٹیکنالوجی، انسانی وسائل کی ترقی، تحقیق و ترقی اور خود انحصاری کے میدان میں فراہم کی گئی مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ علاقائی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر، پاکستان اور چین کو مزید ہم آہنگ اور فعال تعاون کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مشقوں، آپریشنل اشتراک، اور کثیرالجہتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
چینی سفیر نے مشرقی محاذ پر حالیہ تنازع کے دوران پاک فضائیہ کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی ساختہ دفاعی نظام کے مؤثر استعمال نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو مزید نمایاں کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی خود انحصاری کی پالیسی، مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کے فروغ، اور موجودہ قیادت کی تزویراتی بصیرت کی کھل کر تعریف کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چین پاکستان کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تکنیکی تعاون فراہم کرے گا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان لازوال تزویراتی شراکت داری اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا مظہر ہے۔
