وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت توانائی منصوبوں پر اہم اجلاس، تاخیر پر سخت اقدامات کا اعلان

0

وکٹران اب پاکستان میں! Your Partner for Reliable Power 🔋 in Pakistan. 🇵🇰 The Best Energy Saving Solution ⚡

 

گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت محکمہ برقیات کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹارگٹڈ منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ ٹائم لائنز پر عملدرآمد نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے محکمہ برقیات کے افسران کی منصوبہ بندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدم دلچسپی کے باعث کئی اہم منصوبے التوا کا شکار ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سکردو میں بجلی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کردہ سولر پاور پروجیکٹ کا آغاز سکردو سے کیا جائے۔

انہوں نے ٹھیکیداروں کی طرف سے کام میں سستی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن منصوبوں میں ٹھیکیدار کام نہیں کر رہے، ان کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس گرمیوں میں گلگت میں پانچ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی جبکہ اس سال محکمے نے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سیکریٹری برقیات نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بگروٹ ہمارن 3.2 میگاواٹ اور گیس بالا 1 میگاواٹ منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ بیرگل پاور منصوبے میں تاخیر پر ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ چپورسن، تانگیر اور رائیکوٹ مٹھاٹ منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ بٹوگاہ منصوبے پر تاخیر کے باعث بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔ نلتر 16 میگاواٹ منصوبہ اگست 2025 تک مکمل ہوگا، اور شغرتھنگ 26 میگاواٹ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔

اجلاس میں 18 میگاواٹ نلتر منصوبے کے متاثرین کے مسئلے پر کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں، جس کی روشنی میں وزیر اعلیٰ نے آئندہ مالی سال کے اے ڈی پی میں منصوبہ شامل کرنے کی منظوری دے دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.