خودانحصاری کیلئے آمدنی میں اضافہ ضروری ہے، وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان
گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ خوشحال اور مستحکم گلگت بلتستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے صوبے کو اپنی آمدنی بڑھانے پر بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مالی خودانحصاری کے بغیر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل ممکن نہیں۔
یہ بات انہوں نے مالی سال 2024-25 کے لیے محصولات کے اہداف (Revenue Targets) سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ رواں مالی سال کے لیے 6 ارب روپے کا ریونیو ہدف تمام محکموں کی مشاورت سے مقرر کیا گیا تھا، جس میں اب تک کی پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے محکمہ برقیات کو ہدایت دی کہ بجلی کے بلوں کے اجراء اور وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو وقت پر بل فراہم کیے جائیں اور نادہندہ صارفین کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کے سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ دفاتر میں جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن کو فوری طور پر نافذ کیا جائے تاکہ نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔اس موقع پر صوبائی سیکریٹری خزانہ نے اجلاس کو ریونیو اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف شعبوں میں وصولیوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔