کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ملتان سلطانز کو 10 وکٹوں سے شکست،ملتان سلطانز کیلئے پی ایس ایل کا 10 واں سیزن ڈارونا خواب بن گیا

0

ملتان سلطانز کے لیے پاکستان سپر لیگ کا 10 واں ایڈیشن ڈارونا خواب ثابت ہوا، 7 میں سے 6 میچ ہار کر کوالیفائر مرحلے سے باہر ہوگئی، پی ایس ایل کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن پتوں کی طرح بکھر گئی، گلیڈی ایٹرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 17 اوورز میں 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں ملتان سلطانز کا کم ترین ٹوٹل ہے۔ اس سے قبل سلطانز نے یہ ریکارڈ 2023 میں کراچی کنگز کے خلاف 101 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے یاسر خان صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد آنے والے بلے باز عثمان خان اپنی تیسری ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔

پچھلے میچ میں نصف سینچری بنانے والے کامران غلام بھی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ اپنا پہلا پی ایس ایل میچ کھیلنے والے آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر 4 رنز ہی بناسکے، ابتدائی چاروں وکٹیں خرم شہزاد نے حاصل کی۔

اس کے علاوہ افتخار احمد 6، مائیکل بریسویل صفر، ڈیوڈ ویلے 7، اسامہ میر 11، محمد حسنین 2 اور عبید شاہ 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر کوئٹہ کی بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکا جبکہ ملتان سلطانز کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

محمد رضوان پاکستان سپر لیگ میں بیٹ کیری کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے 4، فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ انداز اپنایا اور 90 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 7 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

کپتان سعود شکیل نے 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے جبکہ فن ایلن نے 21 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز میں 5 چھکے جڑ دیے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کوئی بھی باؤلر وکٹ حاصل نہیں کرسکا۔

میچ کا ٹاس

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کی کپتانی سعود شکیل کررہے تھے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فن ایلن، رائلی روسو، کوشل مینڈس (وکٹ کیپر)، مارک چیپمن، فہیم اشرف، حسن نواز، محمد وسیم، محمد عامر، خرم شہزاد اور ابرار احمد شامل تھے۔

 

لتان سلطانز اسکواڈ

ملتان سلطانز کی ٹیم کے کپتان محمد رضوان تھے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں یاسر خان، عثمان خان (وکٹ کیپر)، کامران غلام، کرٹس کیمفر، مائیکل بریسویل، افتخار احمد، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، محمد حسنین اور عبید شاہ شامل تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دینے والی پلینگ الیون کو ہی میدان میں اتارا ہے تاہم ملتان سلطانز نے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔

ملتان سلطانز نے اسامہ میر، ڈیوڈ ویلے اور کرٹس کیمفر کو شائے ہوپ، جوش لٹل اور عاقف جاوید کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.