وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ خان سے امریکی سفارتخانے کے سیاسی مشیر کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات،تعاون، علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

0

اسلام آباد – 29 اپریل 2025: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان سے آج امریکی سفارتخانے کے سیاسی مشیر مسٹر زیک ہارکن رائیڈر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا، جب کہ دہشتگردی، منی لانڈرنگ اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

رانا ثناء اللہ کے مطابق امریکی حکام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج اور قوم کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے، پاکستان کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر امریکہ نے پاکستان کی جانب سے خطے میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی مثبت قرار دیا۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی، ترقی اور دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مفادات کے فروغ پر بات چیت ہوئی، جس سے مستقبل میں دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کی توقع کی جا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.