بھارت کے جارحانہ عزائم نے ناروے میں بسنے والے پاکستانیوں اور کشمیریوں کو متحد کر دیا

0

اوسلو: بھارت کے جارحانہ عزائم کے خلاف ناروے میں مقیم پاکستانی اور کشمیری متحد ہو گئے ہیں، اور اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو وہ سیاسی اختلافات بھلا کر اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کا دفاع کریں گے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر، سینئر صحافی محمد افضل بٹ کے اعزاز میں ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں پاکستان یونین ناروے کے زیر اہتمام ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو بعد ازاں ایک آل پارٹیز کانفرنس میں تبدیل ہو گیا۔

پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمر اقبال نے تقریب کی صدارت کی، جبکہ مہمانان خصوصی میں پاکستان ایمبیسی کے ویلفیئر اتاشی آصف حمید اور پاکستان سے آئے ہوئے شاعر و صحافی عمران رشید یاور (نمائندہ دنیا نیوز) نے شرکت کی۔

چوہدری قمر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ "پاکستان یونین ناروے کی دعوت پر پی ایف یو جے کے صدر محمد افضل بٹ آج ہمارے درمیان موجود ہیں۔ ان کی صحافتی خدمات اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اجاگر کرنے پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔” تقریب میں محمد افضل بٹ کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے تدارک کے لیے ایک متفقہ قرارداد بھی پیش کی گئی۔

چوہدری قمر اقبال نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "نارویجن پاکستانی اور تمام اوورسیز محب وطن پاکستانی اپنے پیارے پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ہمارے دل لمحہ بہ لمحہ پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں، اور ہم پاک آرمی کے شانہ بشانہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔”

پی ایف یو جے کے صدر محمد افضل بٹ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے عملی سفیر ہیں۔ انڈین میڈیا کی طرف سے پاکستان کے تشخص کو منفی بنانے کی جو کوششیں ہو رہی ہیں، ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں یکجا ہو کر اپنے کردار کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔”

افضل بٹ نے مزید کہا کہ "اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی، تو سیاسی اختلافات بھلا کر ہم سب اپنے مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہو کر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔”

پاکستان ایمبیسی کے کلچر اتاشی آصف حمید نے کہا کہ "پاکستان ایک عرصہ سے دہشت گردی کا شکار ہے اور سانحہ پہلگام کے حوالے سے پاکستان عالمی سطح پر منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے تدارک پر پاکستان یونین ناروے کا کردار قابل تحسین ہے۔”

پاکستان سے تعلق رکھنے والے شاعر و صحافی عمران رشید یاور نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ "افضل بٹ صاحب دنیا بھر میں پاکستانی صحافیوں اور سول سوسائٹی کے مسائل کے حل کے لیے ایک مضبوط آواز ہیں۔” انہوں نے پاکستان یونین ناروے کی طرف سے پیش کردہ ایوارڈ کو افضل بٹ کی صحافتی خدمات کا عملی اعتراف قرار دیا۔

اس شاندار تقریب میں پاکستان یونین ناروے کے سابق صدر ڈاکٹر طلعت جمیل، ملک پرویز مہر، چوہدری محمد اکرم، شہزاد غفور، طارق رشید بٹور، میاں بشیر، تنظیم سکون کے روح رواں شاہد جمیل، صدر پاکستان کمیونٹی ناروے چوہدری اظہر اقبال رندھیر اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ضروری ہے، اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں ان کا کردار اہم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.