بھارت نے جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیں گے: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق

0

مظفرآباد : وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے بھارتی عزائم کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جارحیت کی کوشش کی تو پوری کشمیری قوم، پاکستان کی مسلح افواج اور ان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوگی۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ بھارت آزادکشمیر میں بدامنی پھیلانے کے لیے چھپ کر کارروائیاں کر سکتا ہے یا کسی تیسری قوت کو استعمال کر سکتا ہے، لیکن اگر ایسی کوئی مہم جوئی کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت گزشتہ ایک سال سے جاری ہے، جس کے تحت پونچھ اور دریائے نیلم کے پانیوں پر قبضے کے اقدامات شروع کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم نے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے – چاہے وہ کشمیر ہو یا کینیڈا۔

چوہدری انوارالحق نے کہا، "جو جمہوری آزادیاں ہمیں یہاں حاصل ہیں، وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو میسر نہیں۔ ہمارا پرچم پاکستان کے پرچم کی طاقت سے روشن ہے، اور یہ ہماری بقا کی علامت ہے۔”

انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے ایل او سی پر کسی قسم کی دراندازی کی تو پاکستان کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی اصل ضمانت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا، "یہ وقت یکجہتی کا ہے۔ قوم کو اپنی افواج کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑا ہونا ہوگا۔ ہمیں خطرات سے انکار نہیں، لیکن ان کا درست ادراک کرنا ضروری ہے۔”

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور دنیا میں کسی کو بھی اس کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی جرات نہیں ہونی چاہیے، اور اگر بھارت نے کوئی غلطی کی، تو اس کا انجام بھی وہ بخوبی جانتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.