اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت بلتستان میں بدعنوانی کے خلاف کارروائی، دو افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز

0

 

گلگت: معاشرے کو کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کرنے کے عزم کے تحت، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت بلتستان میر وقار احمد نے اپنے محکمے کے دو افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ کارروائی شہری کی شکایت پر کی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مذکورہ افسران رشوت لینے میں ملوث ہیں۔

شہری نے شواہد کے ساتھ یہ انکشاف کیا کہ وہ دونوں افسران کو بھاری رشوت ادا کر چکا ہے اور اس کے پاس اس بات کے ناقابل تردید ثبوت بھی موجود ہیں۔ اس شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے، ڈائریکٹر جنرل نے ان افسران کے خلاف بھاری رشوت طلب کرنے اور ہراساں کرنے کے الزامات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل میر وقار احمد نے اس کیس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جسے تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملوث افسران کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی اور کرپشن میں ملوث کسی بھی سرکاری اہلکار کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف عوام کو بھی متحرک ہونا چاہیے اور کسی بھی غیر قانونی مطالبے کی فوری اطلاع اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو دی جائے تاکہ ملک و قوم کو بدعنوان عناصر سے پاک کیا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے ان کی انتظامیہ کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتے گی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.