
حب (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں زونگ کمپنی کی ناقص انٹرنیٹ سروس نے شہریوں کے لئے مشکلات پیدا کر دی ہیں، خاص طور پر بچوں کی آن لائن تعلیم، کاروباری سرگرمیاں اور دیگر ضروریات زندگی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے بار بار شکایات کے باوجود کوئی عملدرآمد نہیں دیکھا، جس پر انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، حب کے زونگ صارفین نے شکایت کی کہ کمپنی 4 جی خدمات کی مکمل قیمتیں وصول کرنے کے باوجود صارفین کو انتہائی سست اور ناقص انٹرنیٹ سروس فراہم کر رہی ہے۔ صارفین نے بتایا کہ 4 جی کی سروس 2 جی سے بھی کم رفتار کی حامل ہے، اور انٹرنیٹ کی سست روی نے شہریوں کی زندگی میں مسائل پیدا کر دیے ہیں۔
حب اور گردونواح میں زونگ کا نیٹ ورک مسلسل خراب رہتا ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ کی رفتار بہت کم اور کالز بار بار ڈراپ ہو جاتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے دوران زونگ کمپنی کے پاس متبادل جنریٹر یا سولر بیٹری بیک اپ سسٹم نہیں ہے، جس سے صارفین کو سگنل اور انٹرنیٹ کی سہولت حاصل نہیں ہو پاتی۔ کالز کے دوران آواز کٹ کٹ کر آتی ہے، اور سروس اکثر ناپید ہو جاتی ہے۔
صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمپنی کی سروسز کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، مگر نیٹ ورک کی بہتری کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔ مہنگے پیکجز اور اضافی ٹیکسوں کی وصولی کے باوجود زونگ کی انتظامیہ نے سروس کی بہتری کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے، جس سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
حب شہر کے زونگ صارفین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور گردونواح میں 4 جی سروس کی مکمل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور انٹرنیٹ سروس کی بہتری کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ صارفین کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔