
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو بڑا چیلنج دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق ثقلین مشتاق کی جانب سے چیلنج دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگر بھارتی ٹیم خود کو واقعی ایک بہترین ٹیم سمجھتی ہے تو پاکستان کے خلاف 10 ٹیسٹ، 10 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تاکہ سب کچھ واضح ہو جائے۔
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ اگر ہم سیاست کو ایک طرف رکھیں تو بھارتی کھلاڑی بہت اچھے ہیں اور وہ اس وقت شاندار کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ حالیہ برسوں میں کپتانی، سلیکشن کمیٹی، مینجمنٹ اور پی سی بی کے عہدیداروں میں مسلسل تبدیلیوں کے باعث متعدد مسائل کا شکار ہے۔سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ بہترین تیاری ہو تو پاکستانی ٹیم بھارت سمیت دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہے۔
ثقلین مشتاق کے اس چیلنج کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین کے درمیان نئی بحث چھیڑ گئی ہے۔ پاک بھارت کرکٹ ہمیشہ سے ہی سب سے زیادہ جوش و جذبے سے بھرپور رہی ہے، مگر حالیہ برسوں میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں واضح فرق نظر آ رہا ہے۔خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اسٹیج میں ہونے والے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ انداز میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔