بریکنگ نیوزپاکستانتازہ ترین

اڈیالہ جیل سے خط پر خط آرہے ہیں، این آراو کیلئے منتیں کی جارہی ہیں، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل سے خط پر خط آرہے ہیں، این آراو کیلئے منتیں کی جارہی ہیں۔۔
نارووال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے خط پر خط آ رہے ہیں اور منتیں کی جا رہی ہیں کہ مجھے بچا لو، انہوں نے کہا کہ جس نواز شریف کو گرانے کی کوشش کی گئی آج وفاق میں ان کے بھائی اور پنجاب میں ان کی بیٹی کی حکومت ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے میں کامیاب ہو رہی ہے اور ہر جانب سے مثبت خبریں آ رہی ہیں، سوائے اڈیالہ جیل کے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب عوام کو مزید ریلیف دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے دور میں اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی تھی اور دہشت گردی میں اضافہ ہوا تھا، لیکن آج حالات مختلف ہیں اور مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد پر آچکی ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پنجاب کو صاف ستھرا بنانے کے لیے دن رات کام کیا، روٹی کی قیمت 25 روپے سے کم کر کے 12 سے 13 روپے کر دی، جبکہ غریبوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے اور کسانوں کو کسان کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ کا نعرہ لگانے والوں نے نوجوانوں کو کیا دیا؟ مسلم لیگ (ن) حکومت اسکالرشپس کی تعداد 50 ہزار تک بڑھا رہی ہے اور جلد ایک لاکھ لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور معیشت کے استحکام کے ساتھ ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بھی اصلاحات جاری رکھی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button