واٹس ایپ پروفائل میں دوسرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو شامل کرنے کی آزمائش

انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر صارف کے اکاؤنٹ پر دوسرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو شامل کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی۔
اس وقت واٹس ایپ بزنس میں صارفین کو ویب سائٹ یا دوسرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس شامل کرنے کا آپشن دیا جاتا ہے، تاہم عام صارفین کو یہ سہولت میسر نہیں۔
لیکن اب واٹس ایپ میسینجر کے عام صارفین کو بھی مذکورہ فیچر تک رسائی دینے پر کام شروع کردیا گیا اور اس کی آزمائش بھی شروع کردی گئی۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق ایپلی کیشن پر دوسرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لنکس شامل کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی۔
فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے، تاہم جلد ہی اس تک دیگر صارفین کو بھی رسائی دیے جانے کا امکان ہے۔
فیچر کے تحت واٹس ایپ کا ہر صارف اپنے پروفائیل میں دوسرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لنکس بھی شامل کر سکے گا۔
جس طرح کوئی بھی شخص فیس بک اکاؤنٹ پر انسٹاگرام، ٹوئٹر اور دیگر اکاؤںٹس کو شامل کرتا ہے، اسی طرح واٹس ایپ پر بھی دوسرے اکاؤنٹس کے لنکس شامل کیے جا سکیں گے۔
ابھی آزمائشی پروگرام میں صرف انسٹاگرام اکاؤنٹ کا لنک شامل کرنے تک رسائی دی گئی ہے، تاہم فیچر کو پیش کرتے وقت دیگر سوشل اکاؤنٹس کو بھی شامل کرنے کا آپشن دیے جانے کا امکان ہے۔