یوٹیوب شارٹس بنانا آسان،ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم تجربہ

یوٹیوب شارٹس بنانا آسان،ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم تجربہ سامنے آگیا ،اگر آپ یوٹیوب شارٹس بنانا پسند کرتے ہیں تو اب آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے یہ کام زیادہ آسان ہو جائے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق کمپنی کی جانب سے گوگل ڈیپ مائنڈ کا اے آئی ویڈیو جنریشن ماڈل ویو 2 (Veo) یوٹیوب شارٹس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ویو 2 اور ڈریم سکرین اے آئی ٹولز کے ذریعے صارفین اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی مختصر ویڈیوز تحریری ہدایات کے ذریعے تیار کرسکیں گے۔اس سے قبل ڈریم سکرین کو ویو کے اولین ورژن میں ویڈیو بیک گراونڈز بنانے کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔مگر ویو 2 زیادہ بہتر ماڈل ہے جس کے ذریعے آپ نہ صرف بیک گراونڈز بلکہ کردار اور اشیا بھی ویڈیو کے لئے تیار کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس اپ گریڈ سے ڈریم سکرین کو زیادہ تیزی سے بنانا ممکن ہوگا اور یہ ماڈل آپ کی تحریری ہدایات کو سمجھنے کے حوالے سے زیادہ بہتر ہوگا اور حقیقت کے قریب ویڈیوز تیار کرے گا۔آسان الفاظ میں یہ ویڈیوز حقیقی دنیا جیسی ہوں گی اور ان میں موجود کردار حقیقی محسوس ہوں گے۔آپ پہلے سے بہتر ڈریم سکرین ٹول کو آزما سکتے ہیں۔
اس کے لئے شارٹس کیمرا اوپن کریں اور وہاں گرین سکرین کا انتخاب کرکے تحریر کریں کہ آپ کیا چاہتے ہیں جبکہ یوٹیوب کی جانب سے پہلے سے کسی شارٹس ویڈیو میں موجود اے آئی کلپ کو ایڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، اس کے بعد create بٹن پر کلک کرکے مزید تحریری ہدایات دیں۔
اس کے بعد ویو 2 سب کام خود سنبھال لے گا اور چند سیکنڈوں میں شارٹس ویڈیو تیار ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ 2023 میں کمپنی کی جانب سے یوٹیوب شارٹس کے لئے ڈریم سکرین نامی اے آئی فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد صارفین کو تحریری ہدایات سے ویڈیوز کے لئے بیک گراو¿نڈ تیار کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
کمپنی کو توقع ہے کہ ویو 2 ماڈل سے ڈریم سکرین فیچر زیادہ بہتر ہو جائے گا اور صارفین کو متاثرکن کلپس بنانے کا موقع ملے گا۔ایسے کلپس میں واٹر مارک کے ذریعے نشاندہی کی جائے گی کہ انہیں اے آئی سے تیار کیا گیا ہے۔یہ نیا فیچر پہلے امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں متعارف کرایا جا رہا ہے اور دیگر ممالک میں صارفین کو مستقبل قریب میں دستیاب ہوگا۔