
کراچی :سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سید علی مہدی کاظمی کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ نے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں واقع خطرناک مخدوش عمارت ‘ہوری زون پلازہ’ کو منہدم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پلاٹ نمبر 18/2، سول لین، شیٹ نمبر 7 صدر میں واقع یہ عمارت گراؤنڈ پلس بیسمنٹ اور چھ منزلہ تھی۔ مختلف وجوہات کی بنا پر اس عمارت کو مخدوش قرار دے دیا گیا تھا، جس کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیکنیکل کمیٹی نے اس کا معائنہ کیا۔ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق، عمارت کے بنیادی ڈھانچے کی خرابی کی وجہ سے یہ ناقابل استعمال اور خطرناک قرار دی گئی تھی۔
ایس بی سی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عمارت کو تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل سربمہر کر دیا تھا۔ گزشتہ روز سے شروع ہونے والی انہدامی کارروائی میں مرحلہ وار طریقے سے عمارت کے مختلف حصے منہدم کیے جا رہے ہیں اور یہ عمل جاری ہے۔
انہدامی کارروائی کی نگرانی ڈائریکٹر آف بلڈنگز ڈسٹرکٹ ساؤتھ، اشفاق کھوکھر کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آغا کاشف خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب زرداری اور بلڈنگ انسپکٹر اللہ ڈنو مگسی بھی موجود تھے، جب کہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے ایس بی سی اے کی پولیس فورس بھی تعینات کی گئی تھی۔
یہ کارروائی علاقے کے عوام کی حفاظت کے لیے کی گئی ہے تاکہ کوئی بڑا حادثہ نہ پیش آئے۔