پاکستانتازہ ترین

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے احتیاطی تدابیر، ایڈوائزری جاری

 

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نیلم نے موسم سرما کے دوران وادی نیلم کے سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کر دیں۔ ایڈوائزری میں سیاحوں کو مختلف ہدایات فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ موسم کی شدت اور پہاڑی راستوں کے خطرات سے محفوظ رہیں۔

سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے موسم اور روڈ کی صورتحال کے بارے میں متعلقہ اتھارٹی سے پیشگی معلومات حاصل کریں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آٹھ گھنٹے سے زیادہ کا سفر یا ڈرائیونگ نہ کریں، اور اگر وقت کم ہو تو سفر سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد بازی کے سفر سے اجتناب کریں اور اپنے گھر کے قریب کے نظاروں سے لطف اندوز ہو کر واپس جائیں۔ گاڑی کا مکمل چیک اپ کروائیں، ٹائر چیک کریں، بریک کی حالت بہتر رکھیں اور سنو چین ساتھ رکھیں۔ ساتھ ہی رات کے وقت سفر کرنے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔

مقامی افراد کے لیے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ وہ سیاحوں کو راستہ دکھانے میں مدد کریں، خاص طور پر گیسٹ ہاؤسز اور جیپ مالکان کو سیاحوں کی صحیح رہنمائی کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ انہیں کسی خطرے میں ڈالنے کی بجائے محفوظ راستوں پر رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ مقامی گاڑیوں کو فزیکلی فٹ رکھنے، اوور لوڈنگ سے گریز اور گاڑیوں کی ہینڈ بریک کی حالت درست رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ انٹری پوائنٹس پر سیاحوں اور مقامی افراد کی رہنمائی کے لیے ہدایاتی پینافلکس نصب کیے جائیں گے اور گاڑیوں کی فٹنس چیک کی جائے گی۔ ڈرائیور حضرات کے لائسنس اور تربیتی مہارتوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں، ابتدائی طبی امداد کی تربیت بھی ڈرائیورز کو فراہم کی جائے گی۔

سیاحوں کی رہنمائی کے لیے ٹورسٹ پولیس، ریسکیو 1122 اور ڈی ڈی ایم اے کے اہلکار مختلف سیاحتی پوائنٹس اور روڈ کی حالت کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔ روڈ کی سائیڈ پر وارننگ سائن لگانے اور جہاں برفباری زیادہ ہو وہاں نمک چھڑکاؤ کرنے کا بندوبست کیا جائے گا تاکہ سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

سیاحوں اور مقامی افراد کی رہنمائی کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:

– 05821920001
– 05821930001
– 05821920064
– 1122
– 03558126666
– 03556400112

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ وادی نیلم کا رخ کرنے والے افراد ان ہدایات پر عمل کرکے اپنی سلامتی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری مدد کے لیے مذکورہ نمبروں پر رابطہ کریں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button