
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترکیہ میں ہونے والی دوسری انٹرنیشنل اُمناء الاقصی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی، جس میں دنیا بھر سے چار سو مندوبین نے شرکت کی۔ پاکستان سے یہ اعزاز وزیراطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ کو حاصل ہوا، جنہوں نے خصوصی دعوت پر اس کانفرنس میں شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران وزیراطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے اُمناء الاقصی انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر شیخ عصام بشیر اور حضرت العلام شیخ محمد مجیر الخطیب الحسنی الشامی کو کشمیر، فلسطین اور پاکستان کے جھنڈے والے مفلر پہنائے۔ اس موقع پر اہل کشمیر سے بھی بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔
کانفرنس میں حضرت العلام شیخ محمد مجیر الخطیب الحسنی الشامی، شیخ ڈاکٹر یحییٰ عبدالرزاق الغوثانی المدنی اور شیخ وصفی عاشور ابو زید نے وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ کو اجازت حدیث بھی دی۔ اس کے علاوہ اُمناء الاقصی انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر شیخ عصام بشیر نے وزیر اطلاعات کو ایک شیلڈ بھی پیش کی۔
وزیراطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے استنبول میں ایک اور تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "سرزمین فلسطین ہم سب کے لیے بہت مقدس ہے۔” انہوں نے کہا کہ پاکستان کا فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ کلمہ طیبہ کا اٹوٹ رشتہ ہے۔ وزیر اطلاعات نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی درندگی کو عروج پر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت بھی مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہے۔
مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے مزید کہا کہ بھارتی انتہا پسند حکومت میڈیا، سائبر ٹیکنالوجی اور دہشت گردی کو پاکستان اور کشمیریوں کے خلاف ہائبرڈ ٹولز کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ "اہل فلسطین اور اہل کشمیر نے آزادی کی شمع کو اپنے لہو سے روشن رکھا ہے، اور ان کی تیسری نسلیں مقتل میں کھڑی ہیں۔ ان کے چہروں پر کمزوری کے کوئی آثار نہیں ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ظالم کے ساتھ ہے یا مظلوم کے ساتھ؟ "دوہرا عالمی معیار اور عالمی منافقت ہی انسانیت اور امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، اور جب تک مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین اور جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، اس وقت تک پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔”