
لاہور: سوئی ناردرن گیس کا سالانہ سپورٹس گالا 2024 گزشتہ روز خواتین کے مقابلوں سے شروع ہوا۔ اس سال کے سپورٹس گالا کا باقاعدہ افتتاح منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے کیا ۔ افتتاحی تقریب پنجاب سٹیڈیم میں سہ پہر 2 بجے ہوئی، جس میں عامر طفیل نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
پہلے روز نشتر پارک جمنیزیم ہال میں خواتین کے بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ اس موقع پر سوئی ناردرن سپورٹس سیل کی فنانس سیکرٹری کنول وزیر بھی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھیں۔
یہ چار روزہ سپورٹس گالا 6 نومبر سے شروع ہو کر 9 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا، جس میں سوئی ناردرن کے 23 ریجنز سے 368 مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ سپورٹس گالا میں کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، والی بال اور ایتھلیٹکس کے مقابلے شامل ہیں۔
اس موقع پر سوئی ناردرن کے حکام کا کہنا تھا کہ اس گالا کا مقصد کمپنی کے ملازمین کی جسمانی و ذہنی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ان کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔