
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے مالیاتی خدمات کے شعبے میں ‘بگ فور’ کی اصطلاح کے استعمال کو قانونی کے منافی قرار دیا ہے۔ یہ اصطلاح ان چار بڑی فرموں کے لیے استعمال ہوتی ہے جو انشورنس، مالیاتی مشاورت، رسک مینجمنٹ اور ٹیکس مینجمنٹ کی خدمات فراہم کرتی ہیں۔
کمیشن نے یہ فیصلہ مختلف کمپنیوں کی مرجر کی منظوری کے دوران کیا، جنہوں نے مالیاتی خدمات کے حصول کے لیے ‘بگ فور’ کی اصطلاح کا استعمال کیا تھا۔ سی سی پی نے واضح کیا کہ کسی بھی مالیاتی خدمات کے لیے فرم کا انتخاب ‘بگ فور’ تک محدود نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ یہ کسی مخصوص گروپ کی طرف رجوع کرنا مارکیٹ میں مقابلے کو محدود کر دیتا ہے۔
کمیشن نے ہدایت دی کہ مالیاتی خدمات کے حصول کے عمل کو ‘بگ فور’ تک محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔ مزید برآں، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بھی ‘بگ فور’ کی اصطلاح کا استعمال نہیں کیا گیا، جبکہ مختلف آڈیٹرز کی فہرستیں فراہم کی گئی ہیں۔
کمپٹیشن ایکٹ کے تحت، کمرشل خدمات کے حصول کو مخصوص گروپ تک محدود کرنا مارکیٹ میں شفافیت اور منصفانہ مقابلے کے اصولوں کے خلاف ہے۔