چوہدری انوارالحق کا 07 ستمبر کو آزادکشمیر میں یوم تحفظ ختم نبوت ؐ منانے کا اعلان

0

 

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق کا 07 ستمبر کو آزادکشمیر میں سرکاری سطح پر یوم تحفظ ختم نبوت ﷺ منانے کا اعلان۔آزادجموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ختم نبوت ﷺ بارے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

قرارداد ممبران اسمبلی حافظ حامد رضا، پیر مظہر سعید شاہ، سردار میر اکبر خان اور سردار جاوید ایوب کی جانب سے پیش کی گئی۔07ستمبر2024 کو یوم تحفظ ختم نبوتﷺ کی گولڈن جوبلی کے طور پر منایا جائیگا۔اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر میں ہر سال 07 ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت منایاجائیگا،نظریاتی سرحدوں کا دفاع نہیں کر سکتے تو جغرافیائی سرحدیں کوئی معنی نہیں رکھتیں، وزیراعظم آزادکشمیر اور

ممبران اسمبلی کا ختم نبوتﷺ پر کردارادا کرنے والے جملہ سابق و موجودہ اراکین اسمبلی و دیگر کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے کہاکہ نظریاتی سرحدوں پر قربان ہونے کے فضائل زمینی سرحدوں سے زیادہ ہیں،ختم نبوت ﷺ بارے قرارداد پر قائدحزب اختلاف خواجہ فاروق احمد، وزرا حکومت سردارجاوید ایوب، دیوان چغتائی، چوہدری محمد رشید،عامر الطاف، نبیلہ ایوب نے اظہار خیال کیا اور 1973 سے لیکر آج تک جنہوں نے بھی ختم نبوتﷺ بارے کردار ادا کیاانہیں خراج تحسین پیش کیا۔

سردارجاوید ایوب نے کہاکہ نبی رحمت ﷺ پر درود کا سلسلہ جاری رہنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 7ستمبر1973کو جب ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے قادیانیوں کو غیر مسلم قرارداد دیا تو اس میں اسوقت کے اٹارنی جنرل یحییٰ مختار نے بھی اپنی کمال مہارت دکھائی۔ وزیر حکومت عامر الطاف نے کہاکہ میجر ایوب سے لیکر آج تک جنہوں نے بھی ختم نبوت بارے کردار ادا کیاانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے دور میں اس حوالے سے آئینی ترمیم ہوئی جس میں اس ووقت کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان، سپیکر شاہ غلام قادر اور وزیر راجہ محمد صدیق کا کلیدی کردار رہا انہیں بھی قرارداد میں شامل کیا جائے۔

وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے کہاکہ ختم نبوتﷺ کے لیے ہماری جان تن من سب کچھ حاضر ہے۔ ہم سب کو تحفظ عقیدہ ختم نبوت کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہے۔ وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے کہاکہ بحیثیت مسلمان ہمارا فرض ہے کہ ختم نبوت کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ میجر ایوب مرحوم کی قرارداد کے وقت کے تمام ممبران اسمبلی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔اس کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹوکو یہ اعزاز حاصل ہو ا۔ جس طرح ہمارے آباو اجداد نے ختم نبوت پر کام کیا اس طرح ہمارے ایمان کا بھی حصہ ہے کہ اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوسکتا۔

محترمہ نبیلہ ایوب نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اوران کے بعد جنہوں نے بھی ختم نبوت کے حوالے سے کردارادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ آزادکشمیر میں میجر ایوب، راجہ محمد فاروق حیدرخان،شاہ غلام قادر، راجہ صدیق خان کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ ممبران اسمبلی نے کہاکہ 7ستمبر2024کو یوم تحفظ ختم نبوت کی گولڈن جوبلی کے طورپر منایا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.