ایران نے اپنے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ آئل ٹرمینل پر کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں سخت اور فیصلہ کن ردعمل دینے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
ایرانی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا اگر خارگ میں تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے جس کسی ملک کی سرزمین استعمال کرے گا، تو ایران اس کے جواب میں اسی ملک کی تیل و گیس تنصیبات کو ہدف بنائے گا۔
ایران سے جنگ میں ہلاک امریکیوں کی تعداد 13 ہوگئی، 15 اسرائیلی بھی مارے گئے
بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج جب بھی کسی معاملے پر وارننگ دیتی ہے تو اس پر مکمل عمل بھی کرتی ہے۔
انہوں نے پڑوسی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ملک امریکا کو خارگ جزیرے پر حملے کے لیے اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے تو اسے اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ ایران کے ردعمل میں اس کے توانائی کے مراکز کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر نے ایک روز قبل ایران کے خارگ جزیرے پر حملے کا عندیہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ خارگ جزیرہ ایران کے ساحل سے تقریباً 15 ناٹیکل میل کے فاصلے پر واقع ایک اہم مقام ہے اور اسے ملک کا سب سے بڑا تیل برآمدی مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں سے ایران کی تقریباً 90 فیصد خام تیل کی برآمدات کی جاتی ہیں۔