ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک اہم بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جو ممالک اسرائیلی اور امریکی سفیروں کو نکال دیں گے، وہ آبنائے ہرمز استعمال کر سکیں گے۔
پاسداران انقلاب کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ممالک کو آج سے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی مکمل آزادی ہو گی۔
ایران جنگ جلد ختم ہونےکے اعلان کے اثرات، خام تیل کی قیمتیں 8 فیصد گر گئیں
ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب نے ایران کے بارے میں ٹرمپ کی باتوں کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے کا تعین ہم کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں سلامتی یا تو سب کے لیے ہو گی یا پھر کسی کے لیے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران پر حملے جاری رہے تو خطے سے ایک لیٹر تیل بھی برآمد نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ادھر امریکی صدر نے ری پبلکن کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ وقت آنے پر آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ جہازوں کی حفاظت کرے گی۔ اس سے قبل بھی امریکی صدر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے ساتھ امریکی بحریہ جائے گی۔
امریکی صدر کے اس بیان کے بعد ایران کے پاسداران انقلاب نے ڈونلڈ ٹرمپ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمت ہے تو آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی حفاظت کے لیے امریکی بحری جہاز تعینات کر کے دکھائیں۔