اسپین میں رہائش کا خواب دیکھنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسپین نے ایک نیا اور نسبتاً آسان طریقہ متعارف کرایا ہے جس کے تحت اہل پاکستانی ایک سال کے رہائشی کارڈ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔
او جی ڈی سی ایل کا ریکارڈ منافع، ششماہی بنیادوں پر 7.75 روپے فی شیئر کا تاریخ ساز عبوری ڈویڈنڈ اعلان
اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزارت خارجہ پاکستان نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے عمل کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی، جبکہ اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ یہ پالیسی سیاسی پناہ لینے والوں پر لاگو نہیں ہوگی۔
فیصلہ کیا گیا کہ درخواست گزاروں کے لیے کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا، اور اہل افراد کو ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ریذیڈنٹ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ سات سے آٹھ سال مکمل کرنے کے بعد مستقل رہائش اور شہریت کے حصول کی راہ ہموار ہوگی۔
فیصلے کے مطابق الگ الگ کریکٹر سرٹیفکیٹس قابل قبول نہیں ہوں گے، نیشنل پولیس بیورو ایک مشترکہ قومی کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ تصدیقی عمل کو تیز اور سہل بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ درخواست گزاروں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہر مرحلے پر درخواست گزاروں کو مکمل سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ سالک حسین کا کہنا تھا کہ ہزاروں پاکستانیوں کو قانونی حیثیت ملنا خوش آئند پیش رفت ہے۔