دبئی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کے لیے ایک جدید ٹرانسپورٹ منصوبہ متعارف کروا دیا گیا ہے۔
دبئی حکام نے اعلان کیا کہ شہر میں زیرِ زمین لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم شروع کیا جائے گا، جس سے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا اور شہری چند منٹوں میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔ حکام کے مطابق شیخ زاید روڈ پر واقع دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (DIFC) سے دبئی مال کا سفر صرف 3 منٹ میں مکمل ہو سکے گا۔
صدر،وزیراعظم کاکشمیری عوام کی حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ
یہ نظام شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور روزمرہ آمدورفت کو ہموار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ابتدائی پائلٹ روٹ ساڑھے 6 کلومیٹر طویل ہوگا اور اس میں چار اسٹیشنز شامل ہوں گے، جن کے ڈیزائن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ اسٹیشنز برج خلیفہ، ڈی آئی ایف سی 2، زعبیل دبئی مال پارکنگ اور آئی سی ڈی بروک فیلڈ پلیس میں قائم کیے جائیں گے۔
اس منصوبے کی مالیت 54 کروڑ ڈالر سے زائد ہے اور اس کی تعمیر کے لیے دبئی حکام نے امریکی ارب پتی ایلون مسک کی زیرِ ملکیت کمپنی ’دی بورنگ کمپنی‘ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ منصوبے کے مکمل ہونے پر پورا لوپ سسٹم 19 اسٹیشنز پر مشتمل ہوگا اور اس کی مجموعی لمبائی 22.2 کلومیٹر ہوگی۔
ابتدائی مرحلے کی تعمیر ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ پورے پراجیکٹ کے مکمل ہونے کا امکان تین سال میں ہے۔