غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اسرائیلی ڈرون حملوں میں تین فلسطینی شہید ہو گئے جن میں دو کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حملے ہفتے کے روز شمالی غزہ کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔ سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے بیت لاہیا میں کمال عدوان اسپتال کے قریب حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو فلسطینی لڑکے جاں بحق ہوئے، الشفا اسپتال نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی عمریں 13 اور 15 سال تھیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں لڑکوں نے اس کے اہلکاروں کے لیے فوری خطرہ پیدا کیا تھا۔
کابینہ کی توثیق کے بعد ہی وزیراعظم نے غزہ پیس بورڈ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا: مشیر سیاسی امور
ایک اور واقعے میں شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں اسرائیلی کوآڈ کاپٹر ڈرون نے شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔ اس حملے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک کم از کم 477 فلسطینی اسرائیلی کارروائیوں میں شہید ہو چکے ہیں، تاہم اسرائیلی میڈیا پر عائد پابندیوں کے باعث ان اعداد و شمار کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اسرائیل میں موجود ہیں جہاں وہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں غزہ کی مجموعی صورتحال اور امریکا کے مجوزہ ’نیو غزہ‘ منصوبے پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ اسی دوران امریکی حکومت نے اٹلی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کے لیے مجوزہ انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس میں بانی رکن کے طور پر شامل ہو۔