امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں امریکی صدر ٹرمپ نے وینزویلا پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ریاستہائے متحدہ امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر ایک کامیاب کارروائی انجام دی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق یہ کارروائی امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اشتراک سے کی گئی اور جلد ہی اس کی مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
بھارتی اقلیتی تشدد عالمی امن کی کوششوں کیلئے خطرہ ہے، وزیر دفاع
اس سے قبل اطلاعات آئیں کہ امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت سمیت مختلف مقامات پر حملہ کر دیا ہے، جس کے دوران دارالحکومت کراکس میں زور دار دھماکے اور طیاروں کی آوازیں سنی گئیں۔ امریکی عہدیدار نے تصدیق کی کہ امریکا وینزویلا کے خلاف فوجی حملے کر رہا ہے اور ان حملوں کا حکم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا ہے۔ وینزویلا کی حکومت نے بھی تصدیق کی ہے کہ حملے کراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں ہوئے ہیں اور ان کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرنا ہے۔ وینزویلا کی حکومت نے امریکی فوجی جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ہمارے وسائل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا، جبکہ صدر نے حملوں کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
روسی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے اور صدر صدارتی محل چھوڑ کر چلے گئے ہیں، جبکہ کئی جزائر میں امریکی میرینز کے زمینی آپریشن کی غیر مصدقہ اطلاعات بھی ملی ہیں۔ کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے امریکی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امریکی حملے میں لا کارلوٹا ایئر بیس، کوارٹیل دے لا مونتانا، فیڈرل لیجسلیٹو پیلس، فویئرتے تیونا فوجی کمپلیکس، ایف۔16 بیس اور دیگر اہم تنصیبات کو بمباری کر کے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ حملوں کے نتیجے میں کراکس کے بڑے حصے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
ادھر کیوبا کے صدر میگوئل دیاز کانیل نے امریکی اقدام کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اسے مجرمانہ حملہ قرار دیا ہے اور فوری بین الاقوامی ردِعمل کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب کولمبیا میں امریکی سفارتخانے نے وینزویلا میں موجود امریکی شہریوں کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے کہ وہ دھماکوں کی اطلاعات کے پیش نظر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور وینزویلا کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ کراکس کے مختلف علاقوں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں اور شہریوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔