اسپین کے بادشاہ فلپ ششم اور ملکہ لیتیزیا کی صاحبزادی شہزادی لیونور محض 20 برس کی عمر میں یورپ کے نوجوان شاہی وارثوں میں ایک نمایاں اور بااثر شخصیت کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ فوجی تربیت، بڑھتی ہوئی سرکاری ذمہ داریوں اور اہم تقاریب میں بااعتماد موجودگی کے باعث وہ عالمی میڈیا کی خصوصی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
برطانوی جریدے ٹیٹلر نے شہزادی لیونور کو یورپی شاہی خاندانوں میں جنریشن زیڈ کی سب سے نمایاں نمائندہ قرار دیتے ہوئے انہیں اپنے ہم عمر نوجوان وارثوں میں حتمی شاہی وارث کا درجہ دیا ہے۔ جریدے کے مطابق وہ آئندہ برسوں میں تخت سنبھالنے والے دیگر نوجوان ولی عہدوں کے مقابلے میں واضح برتری رکھتی ہیں۔
بھاری چالان سے پریشان موٹرسائیکل چلانے والوں کو خوشخبری سنا دی گئی
یہ مضمون پیر 22 دسمبر کو شائع ہوا، جس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ شہزادی لیونور نے صرف شاہی حیثیت کے باعث نہیں بلکہ عملی تیاری، ادارہ جاتی فہم اور جامع فوجی تربیت کے ذریعے خود کو مستقبل کے کردار کے لیے اہل ثابت کیا ہے۔ 2023 میں آئین پر حلف اٹھانے کے بعد وہ قانونی بلوغت کے ساتھ ہی مستقبل کی ملکہ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔
ٹیٹلر نے یورپ کے دیگر نوجوان شاہی وارثوں، جن میں ڈنمارک کے شہزادہ کرسچین اور نیدرلینڈز کی شہزادی کیٹرینا امالیا شامل ہیں، سے موازنہ کرتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ یہ سب تعلیم اور تربیت کے مراحل سے گزر رہے ہیں، تاہم سب سے زیادہ اہل اور تیار شخصیت شہزادی لیونور ہیں، جو انیسویں صدی میں اپنی پردادی ملکہ ازابیل دوم کے بعد اسپین کی پہلی بااختیار ملکہ بنیں گی۔
جریدے میں شہزادی کی فوجی تربیت کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا، خاص طور پر وہ موقع جب انہوں نے 18 دسمبر کو ایئر اینڈ اسپیس اکیڈمی میں تربیت کے دوران پائلاٹس پی سی-21 طیارے میں پہلی مرتبہ تنہا پرواز مکمل کی۔ اس لمحے کو مستقبل کے لیے مضبوط قیادت کی علامت قرار دیا گیا۔
شہزادی لیونور کی تربیت مختلف شعبوں پر محیط رہی ہے۔ وہ زرگوزا کی جنرل ملٹری اکیڈمی، بحری تربیت کے دوران خوان سباستیان ایلکانو پر پانچ ماہ کی خدمات اور اب فضائیہ کی تربیت مکمل کر رہی ہیں۔ یہ تمام خدمات وہ بوربون اورتیز کے نام سے انجام دے رہی ہیں جو ان کے خاندانی پس منظر کی عکاسی کرتا ہے۔
جریدے کے مطابق یہ تمام کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ شہزادی لیونور یورپ کی سب سے اہل نوجوان شاہی شخصیت بن چکی ہیں۔ کم عمری میں ہی انہوں نے سرکاری تقاریب میں آئینی اقتباسات پڑھ کر، ثقافتی سرگرمیوں کی میزبانی کر کے اور بین الاقوامی سطح پر شرکت کے ذریعے غیر معمولی اعتماد کا مظاہرہ کیا۔
ٹیٹلر کے مطابق سال 2024 شہزادی لیونور کے لیے عروج کا سال ثابت ہوا، جب وہ فوجی اکیڈمی کی 44ویں کلاس کی حلف برداری کی 40ویں سالگرہ کی تقریبات میں وقار کی علامت بنیں۔ اسی برس انہوں نے پرتگال کا پہلا تنہا سرکاری دورہ کیا اور پہلی مرتبہ پرنسس آف آستوریاس ایوارڈز کے فاتحین کے اعزاز میں تقاریر بھی کیں۔
جریدے کا کہنا ہے کہ بادشاہ فلپ کی طویل شاہی روایت اور ملکہ لیٹیزیا کی صحافتی بصیرت کے امتزاج نے شہزادی لیونور کو جنریشن زیڈ کی ستارہ شاہی شخصیت بنا دیا ہے۔ فوجی تربیت کے اختتام کے قریب پہنچنے کے ساتھ ہی شاہی امور کے مبصرین اب ان کے آئندہ کردار اور اقدامات کے منتظر ہیں۔