واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اپنی دولت سے ایک اور تاریخی حد عبور کرلی ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق وہ پہلے شخص بن گئے ہیں جن کی مجموعی دولت 600 ارب ڈالرز سے تجاوز کرکے 638 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔
ایف بی آر کا اسلام آباد میں جائیدادوں کی نئی ویلیوایشن معطل کرنے کا فیصلہ
یہ غیر معمولی اضافہ ان کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کی 800 ارب ڈالرز تک بڑھی ہوئی مالیت کے نتیجے میں آیا، جس سے صرف 15 دسمبر کو ہی مسک کی دولت میں 167 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔ اس کے ساتھ ہی وہ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص لیری پیج (265 ارب ڈالرز) سے 373 ارب ڈالرز آگے نکل گئے ہیں۔ رواں سال میں ان کی دولت میں اب تک 205 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوچکا ہے۔
ایلون مسک اسپیس ایکس کے 42 فیصد حصص کے مالک ہیں، جو اگلے سال اسٹاک مارکیٹ میں داخل ہونے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ وہ ٹیسلا کے 12 فیصد حصص کے بھی مالک ہیں، جن کی قیمت میں بھی اس سال 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ نومبر 2025 میں ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے مسک کے لیے ایک ہزار ارب ڈالرز کا معاوضاتی پیکج بھی منظور کیا تھا، جو مخصوص اہداف حاصل کرنے پر انہیں ملے گا۔
اب ایلون مسک دنیا کے پہلے ٹریلین ائیر (ایک ہزار ارب ڈالرز کے مالک) بننے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر اگلے سال اسپیس ایکس کا عوامی حصہ فروخت (آئی پی او) کامیاب رہا، تو وہ یہ تاریخی سنگ میل 2026 میں عبور کرسکتے ہیں۔