کبھی بھی امریکا کے سامنے نہیں جھکیں گے، پیوٹن کا ٹرمپ کو واضح پیغام
کبھی بھی امریکا کے سامنے نہیں جھکیں گے، پیوٹن کا ٹرمپ کو واضح پیغام
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس کبھی بھی امریکی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیوٹن کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے غیر دوستانہ اقدامات سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید کمزور ہوں گے، کیونکہ کوئی خوددار ملک دباؤ میں آ کر فیصلے نہیں کرتا۔
پیوٹن نے تسلیم کیا کہ نئی امریکی پابندیاں روسی معیشت پر جزوی اثر ڈال سکتی ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ماسکو اپنی پالیسیوں پر قائم رہے گا اور بیرونی دباؤ کے باوجود آزادانہ فیصلے کرے گا۔ یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے کریملن پر دباؤ ڈالنا ہے۔
راولپنڈی؛ شہری کو برہنہ کرکے تشدد کرنے میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 6 افراد گرفتار
امریکی فیصلے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پانچ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چینی کمپنیوں نے عارضی طور پر روسی تیل کی خریداری روک دی جبکہ بھارتی ریفائنریوں نے بھی درآمدات میں نمایاں کمی کا عندیہ دیا ہے۔
یورپی یونین نے بھی روس کے خلاف انیسواں پابندیوں کا پیکج منظور کیا ہے جس میں روسی مائع قدرتی گیس کی درآمد پر پابندی اور چین و وسطی ایشیائی بینکوں کے خلاف کارروائی شامل ہے۔ اگرچہ یورپی ممالک نے 2022 سے روس پر انحصار 90 فیصد کم کر دیا ہے، تاہم رواں سال کے ابتدائی آٹھ ماہ میں اب بھی 11 ارب یورو سے زیادہ روسی توانائی درآمد کی گئی۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے یورپی یونین کے اقدام کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ روس پر مزید دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ماسکو جنگ بندی پر آمادہ ہو۔
روس کی تیل اور گیس سے حاصل آمدنی گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد کم ہوئی ہے، لیکن یہ اب بھی روسی بجٹ کا ایک چوتھائی حصہ بنتی ہے۔ پیوٹن نے کہا کہ کوئی خوددار قوم بیرونی دباؤ میں فیصلے نہیں کرتی اور اگر روسی تیل کی فراہمی کم ہوئی تو عالمی منڈی میں قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا جو خود امریکہ کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے پیوٹن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں یقین ہے کہ پابندیاں اثر نہیں کریں گی تو چھ ماہ بعد نتائج خود ظاہر ہو جائیں گے۔