پاکستان افغانستان چین سہ فریقی مذاکرات کابل میں شروع

0

علاقائی امن و استحکام، دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے، اور افغانستان کی سی پیک میں شمولیت کا ایجنڈا لیے پاک افغان چین سہ فریقی مذاکرات کا ساتواں دور کابل میں شروع ہو گیا۔

سہ فریقی مذاکرات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، جب کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور افغان وزیر خارجہ امیر مقام متقی اپنے اپنے ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔

مذاکرات مئی 2025 اور مئی 2023 میں ہونے والے اسلام آباد بیجنگ مذاکراتی عمل کا تسلسل ہیں، مذاکرات میں علاقائی سیکیورٹی اور بین السرحدی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے القاعدہ، ٹی ٹی پی، آئی ایس کے پی اور تحریک اسلامی مشرقی ترکستان کے ٹھکانوں کے خاتمے پر بات چیت ہوگی۔

چین کا مؤقف ہے کہ افغانستان میں عسکریت پسندی چینی اویغور آبادی کے لیے خطرہ ہے، جب کہ پاکستان بھی افغان سرزمین کے دہشت گردی کے لیے استعمال پر تحفظات رکھتا ہے۔

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت افغانستان کو سی پیک میں شامل کرنے اور توانائی کے ذخائر تک رسائی کا ایجنڈا بھی مذاکرات کا حصہ ہے۔ مذاکرات میں پاکستان علاقائی سیکیورٹی، باہمی روابط کے فروغ اور انسانی امداد کی پالیسی کا اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

چین اس مذاکراتی عمل میں پاک افغان حکومتوں کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے پُل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ کابل میں سہ فریقی مذاکرات دو روز تک جاری رہیں گے جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.