پاکستان کے یومِ آزادی پر مودی کا نفرت انگیز پیغام

0

 

پاکستان کے یومِ آزادی پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا متنازع اور اشتعال انگیز پیغام سامنے آیا، جس میں انہوں نے بلاواسطہ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مودی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں 14 اگست کو "پارٹیشن ہاررز ریمیمبرینس ڈے” یعنی یومِ تقسیم کے سانحات کی یاد کا دن قرار دیا، تاہم انہوں نے اپنے بیان میں پاکستان کا نام نہیں لیا۔

اپنے ٹوئٹ میں نریندر مودی نے لکھا: "یہ دن ہمیں تاریخ کے اُس سیاہ باب کی یاد دلاتا ہے جب لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور ناقابلِ بیان مشکلات سے گزرے۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ان افراد کے عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے شدید نقصانات کے باوجود نئے سرے سے زندگی کی شروعات کی۔

مودی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ تقسیم کے متاثرین نے نہ صرف نئی زندگیاں حاصل کیں بلکہ مختلف میدانوں میں نمایاں کامیابیاں بھی حاصل کیں۔ ان کے بقول، یہ دن اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہم اپنے ملک میں اتحاد اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری نبھاتے رہیں۔

تاہم، بھارتی وزیرِ اعظم کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ ایک خاتون صارف نے لکھا، "آج بھی آپ مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کر رہے ہیں، وقت بدلا ہے، رویہ نہیں۔” ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، "سر، آپ خود ملک میں ایک اور ہندو-مسلم تقسیم پیدا کر رہے ہیں۔”

مودی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان بھر میں یومِ آزادی انتہائی جوش و خروش سے منایا جا رہا تھا۔ مبصرین کے مطابق، یہ بیان نہ صرف موقع محل کے خلاف تھا بلکہ اسے ایک سیاسی حربہ بھی قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد داخلی سیاست میں مخصوص بیانیے کو تقویت دینا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.