واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس تنظیم کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی ملک امریکا مخالف مؤقف اختیار کرے گا تو اسے تجارتی نتائج بھگتنا ہوں گے۔

یہ بیان برکس ممالک کی جانب سے امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کی مذمت کے بعد سامنے آیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ جو بھی ملک برکس کے مؤقف کی حمایت کرے گا، اس پر اضافی 10 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس پالیسی میں کسی ملک کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور امریکا اپنی اقتصادی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیرف سے متعلق نوٹس مختلف ممالک کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اس ہفتے حماس کے ساتھ کسی معاہدے کا امکان ہے، جبکہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ایران سے ممکنہ مستقل معاہدے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، آج وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ اور وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ملاقات طے ہے، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورت حال اور ایران سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔
